بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی۔
جسٹس شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔ علیمہ خان کی جانب سے وکیل خالد یوسف چوہدری اور شاہینہ شہاب جبکہ سرکار کی جانب سے عثمان گھمن عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے رپورٹ جمع کرائے جانے کی بنیاد پر درخواست نمٹا دی۔ درخواست بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر کی گئی تھی۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف تین مقدمات درج ہیں، جبکہ ایف آئی اے میں دونوں بہنوں کے خلاف ایک انکوائری بھی زیرِ التوا ہے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دستیاب معلومات کے مطابق دونوں کے خلاف مجموعی طور پر یہی تین مقدمات اور ایک ایف آئی اے انکوائری موجود ہے۔
درخواست شاہریز خان کی جانب سے اکتوبر 2024 میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی گرفتاری کے دوران دائر کی گئی تھی۔