انکم ٹیکس گوشوارے کے فارم میں بڑی تبدیلیاں! فائلرز کے لیے اہم خبر آگئی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ سے چند ہفتے قبل ٹیکس سال 2026 کے فارم میں بڑی تبدیلیاں کر دیں۔
ایف بی آر نے ایس آر او 1495(I)/2026 کے تحت انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترمیم کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سیکنڈ شیڈول کے پارٹ ٹو زیڈ ای، زیڈ ایف، زیڈ جی اور زیڈ ایچ میں نئی شقیں شامل کی گئی ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ ترامیم ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن سسٹم پر لاگو ہوں گی۔
قانونی ماہرین نے وقت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریٹرن جمع کرانے کی قانونی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 ہے۔ اس مرحلے پر فارم میں تبدیلی سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس ماہرین کو قانونی اور تکنیکی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ایف بی آر نئی ترامیم کے دائرہ کار اور نفاذ سے متعلق فوری وضاحت جاری کرے تاکہ ٹیکس دہندگان مقررہ مدت میں اپنے ریٹرن فائل کر سکیں۔
ٹیکس ماہرین کا کہنا ہے کہ آخری وقت میں ہونے والی تبدیلیوں سے پریشانی بڑھے گی کیونکہ بہت سے لوگ پہلے ہی پرانے فارمیٹ کے مطابق ریٹرن تیار کر چکے ہیں۔