پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ حکومت نے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کے ساتھ عمران خان کی صحت کے معاملے سے بھی کھلواڑ کیا ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ عدالتی حکم عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا تھا، تاہم شفا اسپتال کے باہر پی ٹی آئی کا کوئی کارکن موجود نہیں تھا۔
پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی پلیئر مریم محمود کا نام برطانوی کلب ریکسیم اے ایف سی کے آنر بورڈ پر آویزاں
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کوئی ٹیسٹ نہیں کرایا گیا، صرف بلڈ پریشر چیک کیا گیا اور آنکھ میں ایک انجیکشن لگایا گیا۔ اب حکومت سپریم کورٹ کے سامنے کس چیز کی رپورٹ پیش کرے گی، حکومت جو بھی رپورٹ پیش کرے گی وہ ہمیں قابل قبول نہیں ہوگی۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ اب ہم سڑکوں کا رخ کریں گے، پی ٹی آئی میں مذاکرات کے حامی ایک دھڑے نے بھی اب ہاتھ کھڑے کردیے ہیں اور وہ بھی سڑکوں پر نکلنے کے حامی نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو کچھ ہوا وہ کسی رابطے کا نتیجہ نہیں تھا، حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم نامے کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا اور عدالتی فیصلے کے ساتھ ساتھ عمران خان کی صحت کے معاملے سے بھی کھلواڑ کیا، اب توہین عدالت کی کارروائی کی طرف جائیں گے۔