گوگل نے پاکستان میں آن لائن سیفٹی کیلئے ڈیجیٹل پاسبان پروگرام کا افتتاح کر دیا
گوگل نے پاکستان میں آن لائن سیفٹی کے لیے ڈیجیٹل پاسبان پروگرام کا افتتاح کردیا ہے، جس کے تحت 2 لاکھ خاندانوں کو گوگل کے آن لائن تحفظ کے ٹولز کے استعمال کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
گوگل کے کلسٹر ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان میں گوگل کا افتتاح کیا ہے، گوگل کا پاکستان آنا دنیا کے لیے ایک پیغام ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی اور کاروبار کے لیے کھلا ہے۔
بھارت نے پاکستان کو شکست دیکر ہاکی ورلڈکپ 2026 سے باہرکردیا
گوگل کے نائب صدر گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی ولسن وائٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوگل آن لائن سیفٹی پر یقین رکھتا ہے اور گوگل کی بنیادی مصنوعات میں تحفظ پہلے سے شامل ہے۔ گوگل ڈیجیٹل پاسبان پروگرام پر عملدرآمد کے لیے 5 لاکھ ڈالر خرچ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاسبان پروگرام کا مقصد عملی ٹولز اور ڈیجیٹل لٹریسی سے متعلق وسائل فراہم کرنا ہے، جبکہ بچوں کو آن لائن دنیا میں محفوظ اور پراعتماد انداز میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔ تربیت کے بعد والدین اپنے بچوں کو نامناسب مواد سے محفوظ رکھنے کے قابل ہوسکیں گے۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تربیت کے حوالے سے والدین اور اساتذہ کا مرکزی کردار ہے، بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کے حوالے سے روزانہ سینکڑوں شکایات موصول ہوتی ہیں۔ پی ٹی اے بطور ریگولیٹر اپنی ذمہ داریاں ادا کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں کنیکٹیویٹی بہت ضروری ہے، ٹیکنالوجی کو نہیں روک سکتے، ہمیں رولز اور ریگولیشن کے ساتھ نئی ٹیکنالوجیز کے فوائد حاصل کرنا ہیں۔
حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ پی ٹی اے کا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے قریبی رابطہ ہے، پی ٹی اے شکایات اور مقامی قوانین سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو آگاہ کرتا ہے۔ گوگل کا پاکستان کی شکایات کے حوالے سے کمپلائنس ریٹ سب سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ اور ترقی پسند بنانا ہے، نئی ٹیکنالوجیز کے مثبت استعمال کے ذریعے نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔