اسلام آباد: وفاقی حکومت کے ابتدائی 28 ماہ کے دوران قرضوں میں 18 ہزار 832 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزات کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2026 تک 28 ماہ کے دوران وفاقی حکومت کے مقامی قرضے میں 16 ہزار 766 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضے میں 2 ہزار 66 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ اس طرح قرضوں میں اوسطاً ہر روز 22 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ بنتا ہے۔
*انکشاف: بچوں کے پسندیدہ بسکٹ میں کوئلہ استعمال ہو رہا ہے*
دستاویزات کے مطابق نگران حکومت کے آخری ماہ فروری 2024 تک وفاقی حکومت کے قرضے 64 ہزار 810 ارب روپے تھے، تاہم گزشتہ 28 ماہ کے دوران ہونے والے اضافے کے بعد وفاقی حکومت کا قرضہ جون 2026 تک بڑھ کر 83 ہزار 642 ارب روپے ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویز کے مطابق فروری 2024 تک مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا جو جون 2026 تک بڑھ کر 59 ہزار 441 ارب روپے ہوگیا۔
اسی طرح فروری 2024 تک وفاقی حکومت کا بیرونی قرضہ 22 ہزار 134 ارب روپے تھا جو جون 2026 تک بڑھ کر 24 ہزار 201 ارب روپے ہوگیا۔