کراچی کے سرکاری اسکولوں کے معیارِ تعلیم اور ان کے طلبہ کی شہر کے نمایاں سرکاری کالجوں تک رسائی کے حوالے سے تشویشناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق شہر کے ٹاپ 10 سرکاری کالجوں میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی بھاری اکثریت نجی اسکولوں سے میٹرک کرنے والوں پر مشتمل ہے۔
سرکاری کالج ہونے کے باوجود ان اداروں میں داخلہ لینے والے ہر 100 طلبہ میں تقریباً 93 نجی اور صرف 7 سرکاری اسکولوں سے فارغ التحصیل ہیں۔
نیتن یاہو نے ٹرمپ کے بنائے گئے غزہ پیس بورڈ کے امن منصوبے کو ماننے سے انکار کردیا
کالجوں سے حاصل ہونے والے داخلہ اعداد و شمار کے مطابق ان اداروں میں مجموعی طور پر 13 ہزار 211 طلبہ و طالبات نے داخلہ حاصل کیا، جن میں 12 ہزار 264 نجی اسکولوں جبکہ صرف 947 سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والے طلبہ و طالبات شامل ہیں۔
یوں ان کالجوں میں 92.8 فیصد داخلے نجی اسکولوں کے طلبہ نے حاصل کیے، جبکہ سرکاری اسکولوں کا حصہ محض 7.2 فیصد رہا۔ یعنی سرکاری کالج ہونے کے باوجود یہاں داخلہ لینے والے ہر 100 طلبہ میں تقریباً 93 نجی اور صرف 7 سرکاری اسکولوں سے فارغ التحصیل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج میں مجموعی طور پر 613 طلبہ نے داخلہ حاصل کیا، جن میں 585 نجی اسکولوں اور صرف 28 سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والے طلبہ شامل ہیں۔ اسی طرح گورنمنٹ ڈی جے سندھ سائنس کالج میں مجموعی 1258 طلبہ میں سے 1214 نجی اسکولوں جبکہ صرف 44 سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والے طلبہ شامل ہیں۔
دہلی گورنمنٹ سائنس کالج میں مجموعی طور پر 801 طلبہ نے داخلہ لیا، جن میں 773 نجی اسکولوں اور محض 28 سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والے طلبہ ہیں۔ گورنمنٹ بوائز کالج فار مین ناظم آباد میں مجموعی 1317 طلبہ میں سے 1257 نجی جبکہ صرف 60 سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والے طلبہ ہیں۔
گرلز کالجوں میں بھی یہی رجحان نمایاں ہے۔ گورنمنٹ سر سید گرلز کالج میں مجموعی 2507 طالبات کو داخلہ ملا، جن میں 2266 نجی اسکولوں جبکہ صرف 241 سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والی طالبات شامل ہیں۔ سینٹ لارنس گورنمنٹ گرلز کالج میں 691 طالبات میں سے 631 نجی اور 60 سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والی طالبات ہیں۔
اسی طرح پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن میں مجموعی 1517 طالبات میں سے 1420 نجی اسکولوں اور صرف 97 سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والی طالبات نے داخلہ حاصل کیا۔
خاتونِ پاکستان گورنمنٹ کالج فار ویمن میں 2107 داخلوں میں 1876 طالبات نجی اسکولوں جبکہ 231 سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والی ہیں۔ گورنمنٹ ڈگری کالج ملیر کینٹ کے بوائز اور گرلز کے اعداد و شمار کو ملا کر مجموعی طور پر 402 طلبہ و طالبات بنتے ہیں، جن میں 316 نجی اسکولوں جبکہ 86 سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والے ہیں۔
اسی طرح گورنمنٹ ڈگری بوائز اینڈ گرلز کالج اسٹیڈیم روڈ میں مجموعی طور پر 998 طلبہ و طالبات میں سے 926 نجی اسکولوں اور صرف 72 سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والے ہیں۔
سرکاری گرلز کالجوں میں بھی صورتحال مختلف نہیں۔ سر سید گرلز کالج میں سرکاری اسکولوں کی 241 طالبات کے مقابلے میں نجی اسکولوں کی 2266، پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن میں 97 کے مقابلے میں 1420 اور خاتونِ پاکستان گورنمنٹ کالج فار ویمن میں 231 کے مقابلے میں 1876 طالبات نے داخلہ حاصل کیا۔