آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے آج 8 اگست سے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے ہڑتال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے پیر کو ٹرانسپورٹ اتحاد کو مذاکرات کے لیے طلب کیا ہے۔ حکومت سے ملاقات کے لیے ٹرانسپورٹ اتحاد کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ اجلاس اور آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان تک ہڑتال جاری رہے گی۔ گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد اور کمشنر آفس کے درمیان ہونے والے مذاکرات پہلے ہی ناکام ہوچکے ہیں۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ہڑتال پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین اور ٹرانسپورٹ سیکٹر پر 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف احتجاجاً کی جارہی ہے۔