وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کو ایک ماہ کے اندر کرپشن سے پاک کرنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کیا، جس میں ایکسل لوڈ پالیسی، ایس آر اوز، موٹرویز پر گاڑیوں کو درپیش مسائل اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹرویز اور شاہراہوں کے تحفظ کے لیے ٹرانسپورٹرز کو تعاون کرنا چاہیے، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں گے۔ مزدا ایسوسی ایشن اور دس ویلرز کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایکسل لوڈ پالیسی پر آج ہی سے عملدرآمد شروع ہوگا اور کسی بھی اوورلوڈ گاڑی کو موٹروے پر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مالکان کا ایکسل لوڈ پالیسی سے متفق ہونا خوش آئند ہے اور درست نیت کے ساتھ ہر مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے۔
انہوں نے آئی جی موٹرویز کو ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر موٹروے پولیس میں کرپشن کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ رشوت یا بدعنوانی میں ملوث کسی اہلکار کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے اہلکاروں کی برطرفی کے ساتھ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔
عبدالعلیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز سے انتہائی اقدام سے گریز اور ملکی مفاد کو مدنظر رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل باہمی مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔
وفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹرز کو پیر کے روز اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے طلب کرلیا۔