سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے بزنس مین کیمرون او ریلی سے دوسری شادی کرلی۔

ڈیلی میل کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایوارڈ یافتہ فلم پروڈیوسر اور آنجہانی شہزادی ڈیانا کی قریبی دوست 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ گزشتہ ہفتے کے آخر میں 62 سالہ کیمرون او ریلی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
آئرش نژاد آسٹریلوی کیمرون او ریلی آنجہانی میڈیا ٹائیکون اور بین الاقوامی رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔
قیدیوں کی بانی پی ٹی آئی طرز پر طبی سہولیات کی درخواست، اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری
اس سے قبل دی میل آن سنڈے نے مئی میں انکشاف کیا تھا کہ ایک سال کی قربت کے بعد دونوں کی منگنی ہوئی ہے۔
جمائما اور کیمرون کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون متعدد ڈاکیومنٹریز اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کررہے تھے۔ دونوں پہلے دوست بنے اور بعد ازاں ان کی دوستی رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔
جمائما کے ایک قریبی دوست نے اس سے قبل بتایا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کو کافی عرصے سے جانتے تھے۔ ان کی ملاقات کام کے سلسلے میں ہوئی تھی اور رومانوی تعلق قائم ہونے سے پہلے وہ کچھ عرصے تک دوست رہے۔
جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے تصدیق کی کہ جوڑے نے گزشتہ رات شادی کرلی ہے۔
واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سابق پاکستانی وزیراعظم اور سابق کپتان عمران خان سے شادی کی تھی۔ دونوں کی شادی 1995 میں ہوئی تاہم 9 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد 2004 میں ان کی علیحدگی ہوگئی۔
جمائما اور عمران خان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔ طلاق کے بعد بھی جمائما کے عمران خان کے ساتھ تعلقات اور ان کے بچوں سے متعلق معاملات عالمی میڈیا میں زیر بحث رہے ہیں۔



