لاہور میں علی الصبح شروع ہونے والی موسلا دھار بارش کا سلسلہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں جل تھل ایک ہو گیا جبکہ ایئرپورٹ کے علاقے میں ریکارڈ بارش نے 212 ملی میٹر تک پہنچ کر ڈبل سنچری مکمل کر لی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح تقریباً سوا 4 بجے شروع ہونے والی بارش کے دوران ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ 212 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ جیل روڈ پر 12.2 ملی میٹر، ہیڈ آفس گلبرگ میں 40 ملی میٹر، لکشمی چوک میں 16.5 ملی میٹر، اپر مال میں 104 ملی میٹر، مغل پورہ میں 117 ملی میٹر، تاجپورہ میں 123 ملی میٹر، نشتر ٹاؤن میں 32.8 ملی میٹر، چوک ناخدا میں 48 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 21 ملی میٹر اور فرخ آباد میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
موٹروے پولیس نے پیسوں سے بھرا گمشدہ بیگ مالک کے حوالے کر دیا
اعداد و شمار کے مطابق گلشن راوی میں 11.5 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 47.4 ملی میٹر، سمن آباد میں 22 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن میں 57 ملی میٹر، ڈیفنس روڈ پر 40 ملی میٹر، شادی پورہ میں 120 ملی میٹر، سگیاں میں 16 ملی میٹر، کاہنہ میں 119 ملی میٹر اور مناواں میں 89 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب قصور، گوجرانوالہ، وزیر آباد، گجرات، نارووال، شکرگڑھ، مریدکے، کامونکے، حافظ آباد، جلال پور جٹاں اور دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی، جس کے بعد کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
موسمی ماہرین نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی بھی کی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ موٹر سائیکل سواروں اور ڈرائیورز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں پر جمع پانی سے گزرتے وقت انتہائی احتیاط کریں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران کھڑے پانی میں بجلی کے کرنٹ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے بجلی کی تاروں، کھمبوں اور ٹرانسفارمرز کے قریب جانے سے گریز کیا جائے۔
انتظامیہ نے بھی شہریوں سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔