Gas Leakage Web ad 1

محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کے درمیان ملاقات کے بعد دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات، باہمی تجارت اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Gas Leakage Web ad 2

ملاقات کے آغاز میں ایرانی وفد کے ارکان کا تعارف وزیر داخلہ محسن نقوی سے جبکہ پاکستانی وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں کے سربراہان کا تعارف ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی سے کرایا گیا۔ بعد ازاں دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کیے گئے۔
ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں بڑھ گئیں، ایکسائز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس سے 329 ارب روپے حاصل
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تجارت اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے افغان سرحد کے ذریعے دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ مؤقف اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری کو بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے خطے میں امن کے قیام کے لیے غیر معمولی کردار ادا کیا ہے اور امید ہے کہ جلد مثبت پیش رفت سامنے آئے گی اور خطے میں امن قائم ہوگا۔

ایرانی وفد میں گورنر جنرل سیستان بلوچستان، نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر اربن ڈویلپمنٹ و ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس اور وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹریز بھی موجود تھے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.