گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو الٹی میٹم دیا ہے کہ اگر ٹیکسز واپس نہ لیے گئے تو پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ٹول ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس فوری طور پر واپس لیے جائیں۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے، جبکہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث گاڑیاں چلانا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹ سیکٹر شدید متاثر ہو رہا ہے، سپلائی چین کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر میں کیے گئے حکومتی وعدوں پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا، اور مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔