صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغامات میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی تاریخی امنگوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور روحانی تعلقات موجود ہیں، جبکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام ضروری ہے۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 19 جولائی 1947 کی قرارداد کشمیری عوام کی اجتماعی امنگوں کی عکاس تھی اور قراردادِ الحاقِ پاکستان جموں و کشمیر کی سیاسی جدوجہد میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری عوام کا رشتہ مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور جغرافیے پر قائم ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔