جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی تقریر کا ایک حصہ الگ کر کے ان کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ان کی جماعت خود شہدا کی جماعت ہے اور اس کے سیکڑوں کارکن جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بھی ماضی میں خودکش حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کی سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والے تمام شہدا کو وہ خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق سوال کے جواب میں حافظ حمد اللہ نے بتایا کہ انتخابی اتحاد کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے ان سے رابطہ کیا تھا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، اسی لیے اس کے ساتھ اتحاد نہیں ہو سکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی جے یو آئی (ف) کی قیادت سے انتخابی اتحاد کے سلسلے میں رابطہ کیا تھا۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسے بیان کی توقع نہیں تھی اور اس پر انہیں حیرت اور صدمہ ہوا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ذاتی، جماعتی یا گروہی مفادات کو قومی مفاد پر ترجیح نہیں دی جا سکتی، اور جو باتیں ماضی میں مولانا فضل الرحمان دوسروں کو سمجھاتے تھے، آج وہی بات انہیں یاد دلانے کی ضرورت پیش آ رہی ہے۔