اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نومنتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے انہیں وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور خطے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم کی مبارکباد اور نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے عمل میں مسلم لیگ (ن) نے مثبت کردار ادا کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ گلگت بلتستان کو درپیش مختلف ترقیاتی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مشاورت کے بعد وفاق کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی مرتب کرے گی تاکہ عوامی مسائل کا مؤثر حل یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان میں ایک ذمہ دار اور تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں حکومت کو تعاون کی ضرورت ہوگی وہاں بھرپور تعاون کیا جائے گا، جبکہ عوامی مفاد سے متعلق معاملات پر مثبت انداز میں رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے اس سیاسی رویے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے سیاسی ہم آہنگی اور بالغ نظری کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے خطے میں جمہوری روایات مزید مستحکم ہوں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام سیاسی جماعتیں باہمی تعاون کے ساتھ گلگت بلتستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کے لیے مل کر کام کریں گی۔