Gas Leakage Web ad 1

ایندھن بحران؛ کیوبا میں الیکٹرک اور سولر پینل والے رکشے سڑکوں پر دوڑنے لگے

0

کیوبا میں طویل عرصے سے جاری ایندھن کے بحران اور بجلی کی قلت کے باعث چینی ساختہ الیکٹرک تین پہیوں والی گاڑیاں (ٹرائی سائیکلز) شہریوں کی آمدورفت کا اہم ذریعہ بن گئی ہیں۔ متعدد مالکان نے ان گاڑیوں کو شمسی توانائی سے بھی منسلک کر لیا ہے تاکہ بجلی کی بندش کے دوران بھی انہیں استعمال کیا جا سکے۔

Gas Leakage Web ad 2

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک میں جاری توانائی بحران نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک وقت کیوبا کی پہچان سمجھی جانے والی کلاسک گاڑیوں کی جگہ اب بڑی حد تک الیکٹرک ٹرائی سائیکلز نے لے لی ہے۔

یہ الیکٹرک گاڑیاں اب لاکھوں کیوبن شہریوں کے لیے مختصر فاصلے طے کرنے، سامان کی ترسیل اور روزمرہ آمدورفت کا بنیادی ذریعہ بن چکی ہیں۔

متعدد مالکان نے ان ٹرائی سائیکلز پر شمسی پینل نصب کر لیے ہیں، جن کی مدد سے وہ بیٹریاں چارج کرتے ہیں اور طویل لوڈشیڈنگ کے باوجود اپنی گاڑیاں استعمال میں رکھتے ہیں۔

رواں سال جنوری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیوبا کو تیل فراہم کرنے والے ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی کے بعد جزیرے میں تیل کی سپلائی مزید متاثر ہوئی، جس سے توانائی کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا۔

ایندھن اور بجلی کی مسلسل قلت کے باعث ملک میں لوڈشیڈنگ، خوراک اور ادویات کی کمی، جبکہ سرکاری ٹرانسپورٹ کی دستیابی میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ان حالات میں الیکٹرک ٹرائی سائیکلز شہری زندگی کا ایک اہم حصہ بن گئی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی اور توانائی بحران کے پیش نظر الیکٹرک ٹرائی سائیکلز مستقبل میں بھی کیوبا کے ٹرانسپورٹ نظام میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.