پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے وفد کے ہمراہ ریاض میں سعودی انرجی ورکنگ گروپ سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کے لیے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی، ٹرانسمیشن، ڈیجیٹلائزیشن اور اسمارٹ یوٹیلٹی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستانی وفد نے سعودی حکام کو بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومتی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اسمارٹ میٹرنگ اور ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر منصوبوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی تقسیم کے نظام میں ڈیجیٹلائزیشن سے لائن لاسز میں نمایاں کمی آئے گی اور کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔
انہوں نے قومی ٹرانسمیشن گرڈ کی توسیع اور جدید انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیش کیے اور سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل حکومتی تعاون اور سہولتوں کی یقین دہانی کرائی۔
اویس لغاری نے کہا کہ حکومت نجی شعبے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں پائیدار ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر توانائی نے سعودی انرجی ورکنگ گروپ کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی، جسے دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون کو مزید وسعت دینے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔