حکومت پنجاب نے راولپنڈی میں انتظامی سطح پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سمیت متعدد افسران کے تقرر و تبادلے کر دیے ہیں۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر راولپنڈی محمد عبدالعامر خٹک کا تبادلہ کر دیا گیا ہے اور انہیں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کو بھی عہدے سے ہٹا کر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو نیا ڈپٹی کمشنر راولپنڈی تعینات کر دیا گیا ہے۔
امریکا کیخلاف جدوجہد میں ایرانی قوم فاتح بن کر ابھرےگی: سربراہ روسی سلامتی کونسل
دوسری جانب سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا کر سینٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حسن مشتاق سکھیرا کو نیا سی پی او راولپنڈی مقرر کیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز سی ٹی ڈی کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر حاکم خان کو محکمہ سروسز رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن محمد اختر کا تبادلہ کر کے انہیں اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں محسن اقبال کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ تقرری کے منتظر رب دینو کو اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں تعینات کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی شہریار شیرازی کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ کیپٹن (ر) طیب سمیع خان کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی تعینات کیا گیا ہے۔