لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ریونیو سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیکس وصولی بڑھانے اور کاروباری سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں بڑے ریسٹورنٹس میں نقد رقم کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگی کو لازمی قرار دینے کی تجویز زیر غور آئی، جبکہ مالی سال 2026-27 کے لیے 528.5 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا۔
وزیراعظم نے 9 اور 10 محرم الحرام کو سرکاری تعطیلات کی منظوری دیدی
فیصلہ کیا گیا کہ میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑے فوڈ چینز کی نگرانی کے لیے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ جعلی رسیدیں جاری کرنے اور سیلز چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جب دنیا کیش سے ڈیجیٹل نظام کی طرف منتقل ہو سکتی ہے تو پاکستان بھی ایسا کر سکتا ہے۔ انہوں نے ٹیکس چوری کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کیمرے اور ڈیجیٹل سسٹم دونوں خلاف ورزیوں کی نشاندہی کریں گے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ٹیکس وصولی اور مختلف شعبوں کی میپنگ سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
انہوں نے پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) میں انفورسمنٹ اور انسانی وسائل میں اضافے کے ساتھ ادارے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ہدایت دی۔ عوام میں ٹیکس سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے پی آر اے کے میڈیا ونگ کو مزید مؤثر بنانے کا بھی حکم دیا۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ پی آر اے جہاں بھی کارروائی کرے، اس کی وجوہات اور تفصیلات جامع انداز میں میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے لائی جائیں۔