آزاد کشمیر انتخابات: شفاف اور منصفانہ انتخابی عمل یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں، چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ انتخابات کے انتظامی، قانونی اور سیکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان، مختلف حلقوں کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران اور ریٹرننگ آفیسران سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا عدلیہ پر بھرپور اعتماد ہے اور انتخابی عمل میں شامل افسران کو مکمل غیر جانبداری اور دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینی ہوں گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پولنگ اسکیم، پریذائیڈنگ افسران کی تعیناتی اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد مکمل شفافیت کے ساتھ کیا جائے اور کسی بھی امیدوار یا سیاسی جماعت کے لیے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جدید دور میں سوشل میڈیا اور تیز رفتار اطلاعات کے باعث انتخابی عمل مزید حساس ہو گیا ہے، اس لیے انتخابی نتائج اور ریکارڈ کے تحفظ کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے انتخابی عملے کی تربیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس حوالے سے خصوصی ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔
ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے کہا کہ ملک کے جن اداروں پر عوام کا اعتماد برقرار ہے، ان میں عدلیہ نمایاں حیثیت رکھتی ہے، اسی لیے شفاف انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری عدلیہ سے وابستہ افسران کو سونپی جاتی ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان نے بتایا کہ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران اور ریٹرننگ آفیسران کی سیکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی، عملے کی دستیابی اور دیگر انتظامی امور پر بھی غور کیا گیا، جبکہ شرکاء نے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔