اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق ایک غیر رسمی اجلاس میں مشاورت کی، جس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)، ٹیکسوں، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
آخری رسومات کی تیاریوں کے دوران نیپالی کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ سے 6 دن بعد زندہ مل گیا
اجلاس کے دوران وفاقی وزیرِ خزانہ نے وزیرِ اعظم کو بجٹ کے اہم نکات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افراطِ زر کی موجودہ شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ دستیاب اور متوقع مالی وسائل کی روشنی میں یہ جائزہ لیا جائے کہ ملازمین کو زیادہ سے زیادہ کتنا ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں حتمی اضافے کا فیصلہ وزیرِ اعظم اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔