موسم میں خوشگوار تبدیلی اور سرکاری تعطیل کے باعث بجلی کی طلب میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے سسٹم پر دباؤ بھی کم ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کے سسٹم پر بجلی کی مجموعی طلب میں تقریباً 1800 میگاواٹ تک کمی دیکھی گئی۔ طلب میں کمی کے بعد لیسکو کی بجلی کی طلب اور فراہمی دونوں تقریباً 1300 میگاواٹ کی سطح پر آ گئی ہیں، جس سے بجلی کی ترسیل کے نظام میں استحکام پیدا ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کے سسٹم کو 1100 میگاواٹ بجلی کے ساتھ آپریشنل کیا گیا، جبکہ ضرورت کے مطابق فراہمی میں اضافہ بھی کیا گیا۔ بجلی کی طلب میں کمی کی بڑی وجہ نسبتاً بہتر موسم اور عید کی تعطیلات کے دوران صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں کمی بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب لیسکو نے ہائی لاسز والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا شیڈول بدستور نافذ کر رکھا ہے، جس کے تحت بعض علاقوں میں مقررہ اوقات کے مطابق بجلی کی بندش جاری ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں کے باعث بھی بجلی کی عارضی بندش کی جا رہی ہے تاکہ مرمتی اور اپ گریڈیشن کے کام بروقت مکمل کیے جا سکیں۔
توانائی ماہرین کے مطابق موسم میں مزید بہتری برقرار رہنے کی صورت میں آنے والے دنوں میں بھی بجلی کی طلب نسبتاً کم رہنے کا امکان ہے، جس سے بجلی کے نظام پر دباؤ مزید کم ہو سکتا ہے۔