واٹس ایپ کے ایک بہترین اور کارآمد فیچر کو مزید بہتر بنا دیا گیا
واٹس ایپ نے اگست 2021 میں تصاویر اور ویڈیوز کی پرائیویسی اور ایپ کی میموری کو بچانے کے لیے ’ویو ونس‘ کا فیچر متعارف کرایا تھا۔
اس فیچر کے تحت بھیجی جانے والی تصویر یا ویڈیو ایک بار کھلنے کے بعد چیٹ سے مکمل طور پر غائب ہو جاتی ہے۔
اب اس فیچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور ٹیکسٹ میسجز کو بھی اس کے دائرہ کار میں شامل کیا جا رہا ہے۔
میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں اس فیچر میں بہتری کے اشارے دیے گئے ہیں۔
اس نئے فیچر کے تحت صارفین ایسے تحریری پیغامات بھی بھیج سکیں گے جو ایک بار پڑھنے کے بعد خود بخود غائب ہو جائیں گے۔
اس سے صارفین حساس معلومات جیسے پاس ورڈز یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات شیئر کر سکیں گے اور ان کے لیک ہونے کا خطرہ بھی کم ہو جائے گا۔
ابتدائی طور پر جب ’ویو ونس‘ فیچر متعارف کرایا گیا تھا تو کمپنی نے کہا تھا کہ اسے وائی فائی لاگ ان تفصیلات یا دیگر حساس معلومات کی تصاویر شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سپریم جوڈیشل کونسل، پالیسی ساز کمیٹی اور عدالتی کمیشن کے اجلاس طلب
واٹس ایپ میں پہلے سے ’ڈس اپیئرنگ میسجز‘ کا فیچر بھی موجود ہے، جس میں پیغامات ایک مخصوص وقت کے بعد خود بخود غائب ہو جاتے ہیں۔ تاہم ویو ونس فیچر میں فرق یہ ہے کہ یہ ہر مخصوص میسج کے لیے الگ سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
جب یہ فیچر صارفین کو دستیاب ہوگا تو اسے استعمال کرنے کا طریقہ بھی آسان ہوگا۔ صارفین میسج ٹائپ کرنے کے بعد سینڈ بٹن کو دبا کر رکھیں گے تو ایک مینو ظاہر ہوگا جس میں مختلف آپشنز ہوں گے، جن میں سے ایک ’سینڈ ایز ویو ونس‘ کا آپشن بھی ہوگا۔
میسج بھیجے جانے کے بعد جب دوسرا شخص اسے ایک بار کھول کر پڑھ لے گا تو وہ خود بخود چیٹ سے غائب ہو جائے گا۔
یہ میسج نہ کاپی کیا جا سکے گا، نہ فارورڈ اور نہ ہی محفوظ کیا جا سکے گا، جبکہ اسکرین شاٹس لینے کی بھی کوشش ناکام بنانے کی بات کی جا رہی ہے۔
متعدد صارفین طویل عرصے سے ٹیکسٹ میسجز کے لیے بھی ویو ونس فیچر کا مطالبہ کر رہے تھے۔
فی الحال یہ فیچر زیرِ تکمیل ہے اور بیٹا صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں، اس لیے ممکن ہے کہ اس میں مزید تبدیلیاں کی جائیں۔