تقریب کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شہید کو خوارج کے خلاف جرات مندانہ کارروائی اور عظیم قربانی پر بعد از شہادت ’ستارۂ بسالت‘ عطا کیا گیا۔ بتایا گیا کہ 4 اور 5 اکتوبر 2024 کی درمیانی شب مشکوک دہشتگردوں کی اطلاع پر ان کی قیادت میں دو ایکشن ٹیمیں کارروائی کے لیے روانہ ہوئیں۔
سرچ آپریشن مکمل کرکے واپسی کے دوران دہشتگردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا، جس میں شدید زخمی ہونے کے باوجود لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شہید نے دفاعی پوزیشن سنبھالے رکھی اور جوانوں کی قیادت جاری رکھی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین گولیاں لگنے کے باعث وہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔
بہت کوشش کی انمول پنکی کو گرفتار کرسکوں لیکن کامیابی نہ ملی: شرجیل میمن
تقریب میں ان کی قربانی اور فرض شناسی کو وطن سے وفاداری، بہادری اور عزم کی روشن مثال قرار دیا گیا۔
اسی تقریب میں سپاہی اسرار محمد کو بھی غیر معمولی جرات اور فرض شناسی پر ’ستارۂ بسالت‘ سے نوازا گیا۔ سپاہی اسرار محمد افغانستان میں پاکستانی ناظم الامور کے سیکیورٹی گارڈ کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے کہ 2 دسمبر 2022 کو کابل میں سفارت خانے کے باہر سے ہونے والے اسنائپر حملے کے دوران انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ناظم الامور کو ڈھال فراہم کی۔
شدید زخمی ہونے کے باوجود وہ مسلسل فائرنگ کے دوران انہیں محفوظ مقام تک منتقل کرتے رہے۔ ان کی بہادری اور جوانمردی کو تقریب میں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں سپاہی اسرار محمد کی جرات، بہادری اور جوانمردی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ ان کے کردار کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا۔
ایئر مارشل کاشف قمر کو بے مثال کارکردگی پر ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا جبکہ ایئر مارشل عامر شہزاد کو بھی غیر معمولی خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری ایوارڈ دیا گیا۔ ایئر وائس مارشل محمد عامر حیات کو پیشہ ورانہ خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا جبکہ میجر جنرل محمد شاہد ابڑو کو قومی خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔
میجر جنرل سبطین رفیق کو شاندار خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا جبکہ ریئر ایڈمرل مظہر محمود ملک اور ایئر ایڈمرل رضوان صادق کو بھی ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔ میجر جنرل محمد مقبول رضا کو بھی ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا جبکہ ایئر وائس مارشل شاہد منصور جہانگیری کو بھی ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔
ایئر وائس مارشل خالد محمود کو گراں قدر خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا جبکہ میجر جنرل اعجاز احمد، میجر جنرل ملک محمد شہزاد، میجر جنرل عامر اشفاق کیانی اور ایئر وائس مارشل طاہر محمود کو بھی ہلال امتیاز ملٹری ایوارڈز سے نوازا گیا۔
تقریب میں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو ہمیشہ تیار ہیں۔