سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے انمول عرف پنکی نامی خاتون منشیات ڈیلر کی گرفتاری کو پولیس کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب وہ وزیرِ ایکسائز تھے تب بھی اس خاتون کا نام سامنے آیا تھا اور اسے گرفتار کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی تھی، تاہم اس وقت کامیابی نہیں مل سکی تھی۔
جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ انمول پنکی معاشرے میں زہر بیچ رہی تھی اور ایسی منشیات فروشوں کی گرفتاری پر اداروں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے کیونکہ منشیات پورے ملک کا مسئلہ ہے جو نسلوں کو تباہ کر رہا ہے۔
پاک افواج نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے واضح کیا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور جہاں بھی یہ غیر قانونی کاروبار ہوگا، حکومت کارروائی کرے گی۔
ملزمہ کی عدالت میں پیشی کے دوران پروٹوکول دیے جانے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ غفلت برتنے والے دو پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید انکوائری جاری ہے۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ ملزمہ اس وقت پولیس ریمانڈ میں ہے اور کیس کے لیے ایک پراسیکیوٹر بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فریال تالپور نے بھی واضح ہدایات دی ہیں کہ سندھ میں جہاں بھی منشیات کا سراغ ملے وہاں بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
شہر کے انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کو اسی ماہ مکمل طور پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، جو ٹریفک مسائل کے حل میں گیم چینجر ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ شاہراہ ایم نائن موٹروے سے براہ راست منسلک ہوگی جبکہ کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک نئی سڑک اور جدید بی آر ٹی لائن پر بھی کام جاری ہے۔
شرجیل میمن نے تعمیراتی کاموں کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ترجیح میگا پراجیکٹس کی جلد تکمیل ہے۔
صدر مملکت کے حالیہ دورۂ چین کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اسے بڑی معاشی کامیابی قرار دیا اور بتایا کہ کراچی میں سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کے لیے ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کا معاہدہ طے پایا ہے، جس سے شہر میں پانی کی قلت کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں بھی اہم معاہدے ہوئے ہیں جبکہ چینی قیادت نے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے دور کے تعلقات کو احترام سے یاد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔