اسلام آباد: وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 1845 افراد کو 5 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو بتایا گیا کہ آئندہ 4 برسوں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے رعایتی قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں موصول ہونے والی 25 ہزار 304 درخواستوں میں سے 8 ہزار 990 درخواستیں منظور ہو چکی ہیں جن کے تحت قرضوں کی مجموعی مالیت 37 ارب روپے سے زائد ہے۔
پاکستان اور قطر کا پائیدار امن کیلئے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور سیکرٹری قانون و انصاف نے ارکانِ کمیٹی کو وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے نفاذ کے فریم ورک اور ہاؤسنگ فنانس و فورکلوژر قوانین سے متعلق مجوزہ اصلاحات پر بریفنگ دی۔
سیکرٹری وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ایک سبسڈی شدہ ہاؤسنگ فنانس اسکیم ہے جس کے تحت پہلی بار گھر خریدنے والوں کو ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس پر مقررہ مارک اپ ریٹ 5 فیصد ہوگا جبکہ ادائیگی کی مدت 20 سال رکھی گئی ہے اور فنانسنگ کا تناسب 90:10 ہوگا۔
وزارت ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ بینکوں کے خدشات کم کرنے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنے اور مارگیج فنانس سیکٹر کی پائیدار ترقی کے لیے فورکلوژر اور ریکوری قوانین میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔
کمیٹی نے کہا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کا شعبہ بدستور غیر ترقی یافتہ ہے اور اس کے لیے ساختی اصلاحات، بہتر فورکلوژر و ریکوری قوانین اور سازگار ریگولیٹری ماحول کی ضرورت ہے تاکہ بینک اور مالی ادارے مارگیج قرضوں میں اضافہ کر سکیں۔