اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی تک ذاتی معالج کی رسائی اور فیملی ملاقات سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ کی درخواست پر سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ اور ملاقات کیسز پر سماعت، جیل حکام سے جواب طلب
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو وجوہات کے ساتھ تحریری حکم جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے 6 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اڈیالہ جیل حکام کو درخواست دی گئی ہے؟ جس پر سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست کی کاپی جیل حکام کو فراہم کی گئی ہے، جبکہ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ درخواست کورئیر کے ذریعے اور خود جا کر بھی جمع کرائی گئی ہے۔ ان کے مطابق 16 اور 17 اپریل کی درمیانی رات بشریٰ بی بی کی سرجری ہوئی تھی۔
عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت سے قبل درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ ہمیں صورتحال کا علم ہے اور یہ سب سوشل میڈیا پر بھی موجود ہے، تاہم درخواست اس لیے جیل حکام کو بھیجی جا رہی ہے تاکہ وہ اس پر فیصلہ کریں۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔