عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان میں تعینات امن مشن کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے اسے 30 اپریل 2027ء تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس قرارداد کے حق میں 15 میں سے 13 ارکان نے ووٹ دیا، جن میں پاکستان بھی شامل تھا، جبکہ چین اور روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
باجوڑ میں فتنہ الخوارج کا کرکٹ گراؤنڈ پر کواڈ کاپٹر سے حملہ، 3 افراد زخمی
رپورٹ کے مطابق جنوبی سوڈان 2011ء میں آزادی حاصل کرنے کے بعد سے مسلسل سیاسی عدم استحکام اور انسانی بحران کا شکار رہا ہے، جس کے باعث عالمی برادری نے امن مشن کو جاری رکھنا ضروری قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان نے امن مشن کی حمایت کرتے ہوئے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، تاہم اس میں تجویز کردہ بعض تبدیلیوں پر تحفظات کا اظہار بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ زمینی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوجیوں کی تعداد میں کمی مناسب نہیں ہوگی، کیونکہ اس سے شہریوں کے تحفظ اور امن مشن کی مؤثریت متاثر ہو سکتی ہے۔
قرارداد کے مطابق اس مشن کا بنیادی مقصد شہریوں کا تحفظ، انسانی امداد کی فراہمی، امن معاہدے پر عملدرآمد میں معاونت اور انسانی حقوق کی نگرانی ہے، جبکہ سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ان تمام ترجیحات کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔