مراد علی شاہ نے عالمی یومِ ملیریا کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ملیریا صرف عام بخار نہیں بلکہ غفلت برتنے کی صورت میں یہ سنگین خطرہ بن سکتا ہے، اسی لیے اس کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنا انتہائی ضروری ہے، وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبائی حکومت سندھ کو ملیریا سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔
ایرانی وفد کا مزید قیام کا ارادہ نہیں، عباس عراقچی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد آج ہی روانہ ہونگے
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو سکے، علامات ظاہر ہوتے ہی فوری طور پر قریبی سرکاری ہسپتال سے رجوع کیا جائے جہاں ملیریا کی تشخیص اور علاج مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔
ملیریا سے بچاؤ کے لیے مچھر دانیوں کے استعمال اور دیگر حفاظتی تدابیر کو ضروری قرار دیتے ہوئے انہوں نے محکمہ بلدیات کو نالیوں کی صفائی اور جراثیم کش سپرے کے شیڈول کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی دی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملیریا کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی اداروں اور سول سوسائٹی کا تعاون بھی ناگزیر ہے، انہوں نے صحت کے شعبے میں کام کرنے والے ورکرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی نسلوں کو صحت مند اور بیماریوں سے پاک ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔