پیپلزپارٹی کا حکومت کو ایک ماہ کا الٹی میٹم

پیپلزپارٹی کا حکومت کو ایک ماہ کا الٹی میٹم

0

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے وفاقی حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے فوری استفادہ کیا جائے اور پارٹی کے تمام تحفظات دور کیے جائیں۔

کراچی میں ہونے والے اجلاس میں چاروں صوبوں سے نمائندوں نے شرکت کی، جس میں وفاقی حکومت کے ساتھ اتحاد، پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی، افغانستان کی دراندازی اور ملکی سلامتی کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ بلاول بھٹو نے اجلاس کے شرکا کو وزیراعظم سے ہونے والی اپنی ملاقات سے متعلق بریفنگ دی، جس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے بعد شیری رحمان، شرجیل میمن اور ندیم افضل چن نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ن لیگ کی حکومت ایک ماہ میں ہمارے تحفظات دور کرے، بصورت دیگر دوبارہ اجلاس بلا کر اہم سیاسی فیصلے کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہو رہی، تاہم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی سیاست میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

شیری رحمان نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے فوری اقدامات کرے، گندم کی امدادی قیمت مقرر کرے اور متاثرین کو بی آئی ایس پی کے تحت امداد فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت افغانستان کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے، مگر اگر کوئی ملک یا گروہ پاکستان پر حملہ کرے گا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

رہنماؤں نے مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
اداکارہ غزالہ جاوید کا لڑکیوں کی شادی کے متعلق انکشاف جانئے

شیری رحمان نے کہا کہ 18 اکتوبر کا دن پیپلز پارٹی کے لیے تاریخی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ 2007 میں اسی دن بے نظیر بھٹو کے قافلے پر دہشت گرد حملہ کیا گیا تھا، جس کے شہدا کو ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت بلاول بھٹو کی تجاویز پر عمل کرے، بجلی کے بل معاف کرے اور ملک میں کلائمٹ ایمرجنسی نافذ کرے تاکہ متاثرہ کسانوں اور زرعی شعبے کو سہولت ملے۔

شیری رحمان نے بتایا کہ اجلاس میں ملکی حالات اور دفاع وطن کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ اجلاس نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان کی افواج نے بھارت کو ہر سطح پر شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے حکومت سازی کے وقت کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے، اس لیے اب ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وعدوں پر عمل کیا جا سکے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ آئی ایم ایف کا بہانہ بنا کر گندم نہیں خریدی گئی، جبکہ بی آئی ایس پی کو غربت مٹانے کے لیے ریڑھ کی ہڈی سمجھا جانا چاہیے۔

شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی عہدوں کی دوڑ میں شامل نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی، جبکہ شرجیل میمن نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان متنازع بیانات پر سیز فائر ہو چکا ہے، تاہم عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بات چیت جاری رہے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.