Gas Leakage Web ad 1

ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے، وزیراعظم اور ترک صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس

0

ترکیہ کے شہر استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی، برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Gas Leakage Web ad 2

ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات باہمی اعتماد، بھائی چارے اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کی موجودہ رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں: رجب طیب اردوان

صدر اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو عالمی امن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں استحکام اور تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی ایک شاندار اور قابلِ فخر تاریخ ہے۔ دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور یہی بھائی چارہ ان کے تعلقات کی اصل طاقت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان گہرا قلبی اور تاریخی تعلق موجود ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ترکیہ کی جنگِ آزادی کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے بھرپور حمایت کی تھی، جس نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کی مضبوط بنیاد رکھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ چاہے جنگ کا زمانہ ہو، قدرتی آفات ہوں یا دیگر مشکلات، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے قبرص کے معاملے پر بھی ترکیہ کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک کے مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا اور باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.