کابینہ کی منظوری کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر جنگ بندی کا نفاذ شروع ہوگا: ترجمان اسرائیلی حکومت
تل ابیب: اسرائیلی حکومت کی ترجمان شوش بیڈروسیان نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی کابینہ سے منظوری کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر جنگ بندی نافذ کر دی جائے گی۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران بیڈروسیان نے بتایا کہ اسرائیل نے آج صبح مصر میں جنگ بندی معاہدے کے حتمی مسودے پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ معاہدے کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد 72 گھنٹوں کی مدت شروع ہوگی، جس دوران قیدیوں اور یرغمالیوں کا تبادلہ عمل میں لایا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیلی جیل میں قید فلسطینی رہنما مروان برغوثی کو رہا نہیں کیا جائے گا۔
بیڈروسیان کے مطابق تبادلہ مکمل ہونے کے بعد اسرائیلی افواج ’یلو لائن‘ کے پیچھے ہٹ جائیں گی، تاہم اسرائیل غزہ کی پٹی کے 53 فیصد حصے پر اپنا کنٹرول برقرار رکھے گا۔