Gas Leakage Web ad 1

”بس بہت ہو گیا” اب دہشت گردوں کا سر کچلنا ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف

0

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی خاطر ہماری افواج کے جوان اور افسر روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل راولپنڈی میں سپہ سالار کے ہمراہ شہدا کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی، جہاں شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید نے بہادری اور شجاعت کی نئی مثال قائم کی۔

 

Gas Leakage Web ad 2

وزیراعظم نے بتایا کہ آج صبح شہید میجر سبطین حیدر کی نمازِ جنازہ میں بھی شرکت کی۔ ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے دوران ان کا جذبہ لائقِ تحسین تھا، انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ شہباز شریف کے مطابق شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید نے دہشت گردوں کے ایک گروہ کو انجام تک پہنچایا۔ شہدا قوم کا فخر ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

 

انہوں نے کہا کہ کچھ دوست نما دشمن دہشت گردوں کو تحفظ دے رہے ہیں، جو دراصل ملک کے خلاف سرگرم ہیں۔ ایسے عناصر اور ان کے سہولت کار برابر کے مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب دوغلی پالیسی نہیں چل سکتی، ٹھوس فیصلے کرنے ہوں گے۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو شکست فاش دی اور دنیا بھر میں ملک کے وقار میں اضافہ کیا۔ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور پوری قوم اس بات پر متفق ہے کہ غزہ میں جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔

 

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کے ساتھ 8 ممالک پر مشتمل عرب اسلامی سربراہ اجلاس میں شرکت کی، جہاں امریکی صدر سے ملاقات کے دوران تجارت سمیت کئی اہم امور پر بات چیت ہوئی۔ اسلامی ممالک نے بھی غزہ میں جاری مظالم کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کے حقوق اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ملنے چاہئیں۔ اجلاس کے دوران شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، اور ان کا حالیہ سعودی عرب کا دورہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں مذاکرات کرنے والی حکومتی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیری ہمارے لیے انتہائی قابلِ احترام ہیں، ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رہیں گی۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشیا کے دورے کے دوران پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں ملائیشیا کے وزیراعظم خود استقبال کے لیے موجود تھے۔ اس موقع پر ملائیشیا نے پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے گوشت کی درآمد کا اعلان کیا۔ وزیراعظم کے مطابق دورے کے اختتام پر ملائیشیا کے وزیراعظم خود انہیں رخصت کرنے ایئرپورٹ تک آئے۔

 

انہوں نے بتایا کہ بلوم برگ نے پاکستان کو ترکیہ کے بعد دوسری ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیا ہے۔ اس کامیابی پر انہوں نے کابینہ ارکان اور معاشی ٹیم کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ستمبر میں ترسیلاتِ زر 3.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 11.3 فیصد زیادہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ اور ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے والا قابلِ اعتماد دوست ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.