آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لئے پولنگ کا عمل جاری
مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس دوپہر 2 بجے ہوگا جس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔ خواتین کی 5 مخصوص نشستوں کے لیے 6 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں مسلم لیگ ن کی 4 جبکہ پیپلزپارٹی کی 2 امیدوار شامل ہیں۔
منشیات کی اسمگلنگ کا الزام، اداکار گرفتار
ٹیکنوکریٹ کی ایک نشست پر مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی اور پیپلزپارٹی کے صاحبزادہ ذوالفقار کے درمیان مقابلہ ہے۔ علماء مشائخ کی نشست کے لیے ن لیگ کے مظہر سعید اور پیپلزپارٹی کے حافظ طارق مدمقابل ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان کے مطابق اوورسیز کشمیری کی نشست پر مسلم لیگ ن کے عبدالرحمان آرائیں بلامقابلہ رکن اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔ ان کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔
مخصوص نشستوں کی پولنگ کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوگا، جس میں تمام نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات کے لیے آج ہی شیڈول جاری ہونے کا امکان ہے۔