نوجوانوں کو بااختیار بنانا وزارت آئی ٹی کی ترجیح ہے،شزہ فاطمہ کی رانا مشہودسے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور نوجوانوں کو پیشہ وارانہ اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا وزارت آئی ٹی کی ترجیح ہے۔
نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں جدید آئی ٹی سکلز کا بڑا اہم کردار ہے، نوجوانوں کی ٹریننگ انڈسٹری ڈیمانڈ کے مطابق ہونا بہت اہم ہے تاکہ انہیں جاب حاصل کرنے میں دشواری نہ ہو۔
چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مہارت بڑھانے کے پروگرامز کا انعقاد کر کے مثبت نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔