دنیا کے طاقتور اور کمزور ترین پاسپورٹس کی نئی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق سنگاپور بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کمزور ترین پاسپورٹس میں چوتھے نمبر پر شامل ہے۔
عالمی ادارے ہینلی پاسپورٹ انڈیکس کی تازہ درجہ بندی کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ قرار پایا ہے، جہاں کے شہری بغیر ویزا 192 ممالک کا سفر کر سکتے ہیں، جو عالمی سطح پر سب سے زیادہ رسائی ہے۔
امریکی قبضے میں لیے گئے ایرانی جہاز اور عملے کو پاکستان کے حوالے کردیا گیا: امریکی میڈیا
فہرست میں دوسرے نمبر پر جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر شامل ہیں، جن کے شہری 187 ممالک تک ویزا فری رسائی رکھتے ہیں، جبکہ اس کے بعد ناروے اور سوئٹزرلینڈ 185 ممالک تک رسائی کے ساتھ نمایاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یورپی ممالک مجموعی طور پر پاسپورٹ کی طاقت میں سرفہرست ہیں، اور یورپی یونین کے ممالک کے شہری اوسطاً 183 ممالک تک بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں، جو ملائیشیا اور برطانیہ کے برابر ہے۔
دوسری جانب کمزور پاسپورٹس کی فہرست میں افغانستان سب سے نچلے درجے پر ہے، جہاں کے شہری صرف 23 ممالک تک بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں، جبکہ اس کے بعد شام دوسرے اور عراق تیسرے نمبر پر ہیں، اور پاکستان اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمزور پاسپورٹس والے ممالک میں سیاسی عدم استحکام، تنازعات اور ہجرت کے بڑھتے ہوئے رجحانات جیسے عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔