ایران کے بعد امریکا کی ترجیح بھی پاکستان بن گیا، ٹرمپ نے آئندہ دو روز میں مذاکرات کا اشارہ دے دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ آئندہ مذاکرات کے لیے پاکستان کو ترجیحی مقام قرار دیتے ہوئے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ، چاندی بھی مزید مہنگی ہوگئی
امریکی اخبار نیو یارک پوسٹ کے رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ آپ وہیں رہیں کیونکہ آئندہ دو دن میں کچھ پیش رفت ہو سکتی ہے اور ہم پاکستان جانے پر زیادہ مائل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے پاکستان کا انتخاب زیادہ ممکن دکھائی دیتا ہے کیونکہ ’فیلڈ مارشل بہترین کام کر رہے ہیں‘۔
ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی کے باعث امریکا مذاکرات کے لیے دوبارہ پاکستان جانے پر غور کر رہا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ نے ابتدا میں رپورٹر سے گفتگو کے دوران مذاکرات کے لیے امریکی وفد کے پاکستان جانے کی تردید کی، تاہم کچھ دیر بعد ہی انہوں نے دوبارہ فون کر کے پاکستان میں مذاکرات کے آئندہ دور کے حوالے سے اشارہ دیا۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے ایک اور دور کے جلد اسلام آباد میں ہونے کی خبریں زیر گردش ہیں۔
اس سے قبل ایرانی حکام نے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، تاہم دوسری جانب کی صورتحال واضح نہیں، اور اگر مذاکرات کا دوسرا دور ہوتا ہے تو پاکستان ان کی ترجیح ہوگا۔
واضح رہے کہ برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے وفود رواں ہفتے امن مذاکرات کے لیے دوبارہ اسلام آباد آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بھی رائٹرز سے گفتگو میں کہا کہ امریکا ایران مذاکرات کا اگلا دور اس ہفتے یا اگلے ہفتے کے آغاز میں متوقع ہے۔