Gas Leakage Web ad 1

گلگت بلتستان کی 9 اہم شاہراہیں این ایچ اے کے حوالے کرنے کا فیصلہ

0

وزیر اطلاعات گلگت بلتستان غلام عباس نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی 9 اہم شاہراہوں کو مرمت اور مؤثر دیکھ بھال کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد سیاحت کے فروغ اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

انہوں نے واضح کیا کہ اس ضمن میں تاحال باقاعدہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط نہیں ہوئے، تاہم سڑکوں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے تحت اسکردو-خپلو روڈ، اسکردو-شگر روڈ اور استور-چلم چوک روڈ سمیت 9 اہم شاہراہوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی، جس سے نہ صرف مقامی آبادی کو سہولت ملے گی بلکہ علاقے میں سیاحت کو بھی نمایاں فروغ حاصل ہوگا۔وزیر اطلاعات نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ گلگت بلتستان کے ڈومیسائل ہولڈرز اور یہاں رجسٹرڈ گاڑیوں سے کسی بھی ٹول پلازہ پر کوئی ٹیکس یا فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے خدشات اور غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔پولیس بھرتیوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ تقریباً 600 نئی آسامیوں پر جلد بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا، جس کے لیے 8 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق بھرتیوں میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے غلام عباس نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کے فیصلوں کی پابند ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری انتخابی شیڈول پر عمل درآمد کے لئے حکومت تیار ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسکردو سمیت دیگر اضلاع میں صحافیوں کو جلد ایکریڈیٹیشن کارڈز جاری کیے جائیں گے۔ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی منظور کردہ پالیسی میں ضروری ترامیم کی جا رہی ہیں، جس کے لیے صحافتی تنظیموں، پریس کلبز اور یونین آف جرنلسٹس سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ بہت جلد اس پالیسی کو حتمی شکل دے کر نافذ کیا جائے گا تاکہ ڈیجیٹل میڈیا کو مؤثر انداز میں منظم کیا جا سکے اور اس کے لیے باقاعدہ ضابطہ اخلاق بھی متعارف کرایا جائے گا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.