Gas Leakage Web ad 1

بادام کھانے سے صحت کو کیا فائدہ ہوتا ہے؟ نئی تحقیق کے نتائج جانیں

0

بادام کو ویسے ہی چبائیں، اس کے ٹکڑے کسی کھانے میں شامل کرلیں یا پیس کر استعمال کریں، ہر صورت میں اس مزیدار گری کو کھانے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔ اب ایک نئی تحقیق میں دریافت ہوا ہے کہ بادام کے استعمال سے ہائی بلڈ شوگر والے افراد کی دماغی صحت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ میٹابولک صحت کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ دی جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ بادام کھانے کی عادت سے دماغی صحت کو فائدہ ہوتا ہے اور ایسے افراد مختلف ٹیسٹوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق رپورٹ انتہائی تشویشناک ہے: سہیل آفریدی

اس تحقیق میں 40 سے 60 سال کی عمر کے 60 ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو ہائی بلڈ شوگر سے متاثر تھے، تاہم ذیابیطس ٹائپ 2 سے محفوظ تھے۔

تحقیق میں شامل افراد کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کو 6 ماہ تک روزانہ 28 سے 40 گرام بادام کھلائے گئے جبکہ دوسرے گروپ کو اس گری سے دور رکھا گیا۔

محققین نے 6 ماہ بعد آن لائن ٹیسٹوں کے ذریعے ان افراد کی دماغی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ان افراد کے خون کے نمونوں کے ذریعے بلڈ شوگر کی سطح، انسولین بننے کے عمل، ورم اور خلیاتی تناؤ کو بھی ٹریک کیا گیا۔

تحقیق کے اختتام پر دریافت ہوا کہ بادام کھانے والے گروپ میں شامل افراد نے دماغی کارکردگی کے ٹیسٹوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی تفصیلات کا تجزیہ کرنے اور ردعمل ظاہر کرنے کی رفتار بھی تیز ہوگئی۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت ہوا کہ ان افراد کے جسمانی وزن میں کمی آئی جبکہ وہ بلڈ شوگر کو زیادہ بہتر طریقے سے کنٹرول کرنے لگے۔

محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ بادام کھانے کی عادت سے دماغ اور میٹابولک صحت دونوں کو فائدہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی بلڈ شوگر کے مریضوں کی گلوکوز کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے جبکہ انسولین کی مزاحمت بڑھ جاتی ہے، جس سے جسم کی دماغ کو مناسب مقدار میں توانائی فراہم کرنے کی صلاحیت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

محققین نے مزید بتایا کہ بادام فائبر، پروٹین، صحت کے لیے مفید چکنائی، میگنیشیم، اینٹی آکسائیڈنٹس اور ایسے غذائی اجزا سے بھرپور ہوتے ہیں جو بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنے، ورم اور تکسیدی تناؤ میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میٹابولک صحت کو بہتر بنا کر بادام دماغی افعال کو بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

البتہ محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کے نتائج محدود ہیں کیونکہ اس میں بہت کم افراد کو شامل کیا گیا تھا اور مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ صحت مند افراد کو بادام کھانے سے کتنا فائدہ ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ گریوں، پھلوں، سبزیوں اور دیگر غذائی اجزا سے بھرپور غذاؤں کے استعمال کو عادت بنانے سے دماغی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.