شدید بارشوں کا خطرہ: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے حالیہ شدید بارشوں کے باعث مختلف دیہات اور بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی کے خطرے کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور فوری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ممکنہ سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام ضلعی انتظامیہ، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (GBDMA)، ریسکیو 1122، محکمہ مواصلات و تعمیرات، محکمہ برقیات اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر متحرک رہنے کا حکم دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ حساس اور خطرے سے دوچار علاقوں میں مقامی آبادی کو بروقت آگاہ کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی مکمل رکھی جائے۔ ندی نالوں کے قریب واقع علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس ٹیموں اور ریسکیو سروسز کو چوبیس گھنٹے الرٹ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو دور دراز علاقوں کو ملانے والی رابطہ سڑکوں کی فوری بحالی، ہیوی مشینری کی دستیابی، جبکہ صحت اور خوراک کے محکموں کو ادویات اور ضروری اشیائے خورونوش کا وافر ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
امجد حسین نے عوامی تحفظ کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے تمام افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ بارشوں کے دوران ندی نالوں اور سیلابی ریلوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔