Gas Leakage Web ad 1

گلگت بلتستان میں عام انتخابات 2026 کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس، شفاف اور پرامن انعقاد یقینی بنانے کا عزم

0

نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس ریٹائرڈ یار محمد اور چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت) کی مشترکہ صدارت میں عام انتخابات 2026 کی تیاریوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں نگران کابینہ کے تمام وزراء، ترجمان صوبائی نگران حکومت، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ارشد مجید مہمند، پروونشل الیکشن کمشنر عابد رضا اور دیگر متعلقہ سیکریٹریز شریک ہوئے، جبکہ تمام اضلاع کے ریٹرننگ افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔

Gas Leakage Web ad 2

اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں مجموعی تیاریوں، انتخابی عمل کے مختلف مراحل، مالی اور انتظامی معاملات، لاجسٹکس، سیکیورٹی انتظامات، امن و امان کی صورتحال اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے پہلوؤں کا جامع جائزہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ انتخابات کے تمام انتظامات الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق اور اس کے دائرہ کار میں مکمل کیے جائیں گے، جبکہ تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بروقت اور مؤثر انداز میں ادا کریں گے۔

18 مئی تک ممبرفنانس تعینات نہ کیا تو وزیراعظم کو خود عدالت میں وضاحت دینا ہوگی، جسٹس محسن اختر کیانی

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ انتخابی تیاریوں کے لیے ایک واضح اور جامع منصوبہ ترتیب دیا جا چکا ہے، جس میں تمام اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین اور ٹائم لائنز شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز، عملے، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پیش رفت کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک مانیٹرنگ میکانزم قائم کیا گیا ہے تاکہ پولنگ ڈے تک تمام مراحل کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔

مالی، انتظامی اور لاجسٹک معاونت کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار ہے اور فنڈز کے بروقت اجرا کے ساتھ وسائل کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ممکنہ رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی تاخیر یا خلل نہ آئے۔

امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں تمام اضلاع، خصوصاً حساس علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ پیشگی حفاظتی اقدامات، انٹیلی جنس کے تبادلے اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے امن و امان کو برقرار رکھیں۔ سیکیورٹی اداروں کو پولنگ اسٹیشنز، انتخابی مواد کی ترسیل اور نتائج کی تیاری کے مراحل کے لیے جامع سیکیورٹی پلانز بنانے، ان کی مشق کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں مختلف محکموں کے درمیان مؤثر رابطے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا اور ہدایت دی گئی کہ ایک فعال کنٹرول روم اور مربوط رابطہ نظام قائم کیا جائے تاکہ انتخابی عمل کے دوران فوری ردعمل اور بلا تعطل مواصلات کو یقینی بنایا جا سکے۔

پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے حوالے سے بھی تفصیلی غور کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوام کو درست اور بروقت معلومات فراہم کی جائیں گی، جبکہ غلط معلومات، نفرت انگیز مواد اور غیر قانونی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے مؤثر مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے گا۔ محکمہ اطلاعات، الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان قریبی تعاون بڑھانے کی ہدایت کی گئی تاکہ کسی بھی غیر ذمہ دارانہ مواد کے خلاف فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔

اجلاس میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو ضابطہ اخلاق سے آگاہ کیا جا چکا ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ شکایات کے ازالے کے لیے بھی ایک مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے تاکہ شفافیت اور عوامی اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔

ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے جامع متبادل منصوبہ بندی تیار کرنے، متبادل پولنگ اسٹیشنز، مواصلاتی نظام اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات کو یقینی بنانے اور متعلقہ اداروں کو ہر وقت الرٹ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور تمام ادارے مشترکہ ذمہ داری کے تحت کام کرتے ہوئے عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی بروقت نشاندہی کی جائے تاکہ ان کا فوری اور مشترکہ حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے تمام سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ وہ صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں، جبکہ سرکاری مشینری پہلے ہی الیکشن کمیشن کے سپرد کی جا چکی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے نگراں وزیر اعلیٰ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے مؤثر مانیٹرنگ نظام نافذ کیا گیا ہے اور الیکشن ایکٹ کے تحت کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ انتخابات کو پرامن اور غیر جانبدار بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائیں تاکہ عوام کا اعتماد برقرار رہے۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ تمام سرکاری ادارے اس قومی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائیں گے اور سرکاری ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاسی سرگرمیوں سے گریز کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔

صوبائی نگران وزراء نے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرتے ہوئے انتخابات کو شفاف، منصفانہ اور پرامن بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.