Gas Leakage Web ad 1

صدر،وزیراعظم کا کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کااعادہ

0

صدر، وزیراعظم اور اسحاق ڈار کا یومِ استحصالِ کشمیر پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اعادہ

Gas Leakage Web ad 2

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
عالمی چپ مارکیٹ میں مہنگائی، پاکستان میں بھی موبائل فون کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ
یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر اور وزیراعظم نے کشمیری عوام کی بہادری، ثابت قدمی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن دنیا کو بھارت کے 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے سنگین نتائج یاد دلانے کے لیے منایا جا رہا ہے، جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی تھے۔

صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ سات سال گزرنے کے باوجود ان اقدامات سے نہ تو جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل ہوئی ہے اور نہ ہی کشمیری عوام کے جائز حقِ خودارادیت کے حصول کی خواہش کمزور پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک ہر بین الاقوامی فورم پر اپنی آواز بلند کرتا رہے گا، جبکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام اسی وقت ممکن ہے جب اس دیرینہ تنازع کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔

صدر اور وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر تنازع کے پُرامن حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات واپس لے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ 2019 میں آج ہی کے دن بھارت نے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کیے، جن کا مقصد علاقے کی متنازع حیثیت کو تبدیل کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات جموں و کشمیر تنازع سے متعلق قائم بین الاقوامی نظام کے لیے ایک چیلنج تھے اور ان سے علاقے کے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے والے اقدامات کرے۔

انہوں نے عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی دیرینہ ذمہ داری پوری کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مؤثر کوششیں کرے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام اسی صورت ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.