رواں سال کا دوسرا سورج گرہن 12 اگست کو ہوگا، کیا پاکستان میں دیکھا جاسکے گا؟
رواں سال کا دوسرا سورج گرہن 12 اگست کو ہوگا
رواں سال کا دوسرا سورج گرہن 12 اگست کو ہوگا، جو مکمل سورج گرہن ہوگا۔
یہ سورج گرہن یورپ اور افریقا کے مختلف ممالک میں دیکھا جا سکے گا، تاہم صرف گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین کے شمالی علاقوں اور پرتگال کے ایک حصے میں رہنے والے افراد ہی مکمل سورج گرہن کا نظارہ کر سکیں گے۔
دیگر علاقوں میں جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا، جبکہ پاکستان میں یہ نظارہ ممکن نہیں ہوگا کیونکہ گرہن مقامی وقت کے مطابق رات کے اوقات میں ہوگا۔
مینار پاکستان پر جلسے کی درخواست مسترد، پی ٹی آئی کا متبادل جگہ فراہم کرنیکا مطالبہ
12 اگست کو جزوی سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، جبکہ مکمل سورج گرہن رات 12 بج کر 12 منٹ پر شروع ہوگا اور اس کا اختتام رات 2 بج کر 58 منٹ پر ہوگا۔
اسپین میں ایک صدی سے زائد عرصے بعد مکمل سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔ آخری بار اسپین میں مکمل سورج گرہن 1912 میں دیکھا گیا تھا، جو ٹائی ٹینک کے حادثے سے دو روز قبل ہوا تھا۔
اس بار ہونے والا سورج گرہن اس لیے بھی خاص قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ کچھ علاقوں میں لوگ اسے سورج غروب ہونے کے وقت دیکھ سکیں گے۔
اسپین میں مکمل سورج گرہن سورج غروب ہونے کے وقت ہوگا، جو وہاں موجود افراد کے لیے ایک منفرد اور یادگار منظر ہوگا۔
روس بھی ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جہاں سورج طلوع اور غروب ہونے کے دوران جزوی سورج گرہن کا نظارہ کیا جا سکے گا۔
روس کے غیر آباد علاقے ٹائمر جزیرہ نما (Taymyr Peninsula) میں جزوی سورج گرہن کا آغاز سورج طلوع ہونے کے وقت ہوگا، جبکہ اسی ملک کے دوسرے حصے میں جزوی سورج گرہن سورج غروب ہونے کے بعد دیکھا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق سورج غروب ہونے کے وقت گرہن کا مشاہدہ کئی برسوں بعد ہی ممکن ہوتا ہے، اسی لیے رواں سال ہونے والا سورج گرہن خاص اہمیت رکھتا ہے۔