خطے میں قیام امن سے ہی پاکستان اور دیگر ممالک کی معاشی ترقی کا خواب پورا ہوگا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم Shehbaz Sharif نے کہا ہے کہ کشیدگی کے آغاز سے ہی حکومت پاکستان خلوص نیت کے ساتھ سرگرم عمل رہی اور امن کے قیام کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے اور عالمی سطح پر پائیدار امن ہی پاکستان اور دیگر ممالک کی معاشی ترقی کی ضمانت ہے۔
مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی خواتین ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بحران میں قربانی کا آغاز سب سے پہلے کابینہ اور سرکاری اداروں سے کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے متوسط اور معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے ایک تاریخی ریلیف پیکج متعارف کرایا گیا۔
سندھ اسمبلی کا 3.562 کھرب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے عالمی مہنگائی کی لہر کے اثرات سے عوام کو حتیٰ المقدور محفوظ رکھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملک میں نہ کوئی بڑا بحران پیدا ہوا اور نہ ہی ایندھن کے حصول کے لیے طویل قطاریں دیکھنے میں آئیں۔ بہتر منصوبہ بندی کے باعث عوام کو ممکنہ مشکلات سے بچایا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ قابل قبول نہیں کہ عوام قربانیاں دیں جبکہ اشرافیہ مراعات سے مستفید ہوتی رہے۔ ان کے مطابق 128 ارب روپے کی سبسڈی اور کفایت شعاری مہم کے ذریعے عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ حالات میں ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مکمل تعاون رہا، جس پر وہ تمام صوبائی حکومتوں کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام میں عوامی تعاون کا کلیدی کردار رہا ہے اور پاکستانی عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ایک عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا ہے جس سے صنعت کا پہیہ مزید تیز ہوگا اور برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ ملے گا۔