اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت سوشل میڈیا کے اثرات سے باہر نکل آئے تو یہ اس کی سیاست کے لیے بہتر ہوگا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے کسی دوسرے رہنما کی مولانا فضل الرحمان کے بارے میں گفتگو پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے سخت گفتگو کی ہے، جبکہ انہوں نے مولانا کے سخت بیانات پر سیاسی نکتہ چینی کی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست میں واپسی کے تمام راستے بند کردینے یا کسی بھی معاملے پر حتمی مؤقف اختیار کرنے جیسی کوئی پالیسی نہیں ہوتی۔ ان کے بقول، سیاست میں کل کے دوست آج کے دشمن اور کل کے دشمن آج کے دوست بن جاتے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ مزاحمت کے بجائے سیاست کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی سیاست کرے گی تو اسے سیاسی میدان میں بہت زیادہ گنجائش مل سکتی ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی قیادت سوشل میڈیا کے اثر سے نکل کر سیاسی معاملات پر توجہ دے تو یہ اس کی سیاست کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔



