تاجر میر رضا کی موت کے معاملے کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے گزشتہ روز کی کارروائی کا تفصیلی تحریری حکم جاری کر دیا ہے، جس میں اہم ہدایات بھی شامل ہیں۔
کمیشن نے احمد بھردے کو سندھ بورڈ آف ریونیو کے نوٹس جاری کرتے ہوئے فوڈ پانڈا سے ہونے والی ادائیگیوں کی رسیدیں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
کارروائی کے دوران ڈی ایس پی شاہراہِ فیصل سمیت اہم گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ آن لائن ٹیکسی ڈرائیور احسان اللہ سمیت چار اہم گواہوں نے اپنے بیانات باضابطہ طور پر ریکارڈ کرائے۔
سماعت کے دوران احسان اللہ نے بتایا کہ واقعے کے بعد آن لائن ٹیکسی سروس بائیکیا کی انتظامیہ نے ان کی گاڑی لے لی، جبکہ مالک مکان نے بھی انہیں گھر سے نکال دیا۔ حالات کے باعث وہ فیروز آباد تھانے میں رہنے پر مجبور ہیں۔
کمیشن نے خاندان کی مدد کرنے والے ڈرائیور کو تحفظ اور حوصلہ دینے کے بجائے مشکلات کا سامنا کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ کمیشن نے تفتیشی ٹیم کے رکن ڈی ایس پی سراج لاشاری کو ڈرائیور کی مدد کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے بائیکیا انتظامیہ اور مالک مکان سے ڈرائیور کو ہراساں نہ کرنے کی یقین دہانی کرانے کا حکم دیا۔
کمیشن نے مزید ہدایت کی کہ ڈرائیور کو فوری طور پر اس کا کام اور رہائش واپس دلائی جائے۔
علاوہ ازیں، تحقیقاتی کمیشن نے ایس ایچ او عدیل افضال، رازق اور حیثم کو آئندہ تاریخ پر لازمی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔