پنجاب میں مریضوں کے لئے ” اے آئی پاورڈ اسیکنر” متعارف کرانے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں مریضوں کے لیے **اے آئی پاورڈ ملٹی ڈیزیز اسکینر** متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
مریم نواز کو ایک چینی کمپنی کے حکام کی جانب سے جدید مصنوعی ذہانت سے لیس طبی اسکینر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اے آئی پاورڈ کنٹراسٹ سی ٹی اسکین کے ذریعے تقریباً دو منٹ میں 10 مختلف بیماریوں کی تشخیص میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔
بریفنگ کے مطابق یہ جدید ٹیکنالوجی بیماریوں کی اسکریننگ، تشخیص، علاج اور مریضوں کی مینجمنٹ میں معاون ثابت ہوگی۔ اس کے ذریعے مختلف اقسام کے خطرناک کینسر کی ابتدائی سطح پر نشاندہی بھی ممکن ہوگی، جن میں لبلبے، جگر، معدے، غذائی نالی اور بڑی آنت کے کینسر شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ صحت کو اس ٹیکنالوجی کے پائلٹ پراجیکٹ کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔