کراچی: سندھ اسمبلی نے ملک میں نئے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کی مجوزہ تشکیل کے معاملے پر بحث کے لیے تحریک التوا منظور کرلی۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو نے اسپیکر سے درخواست کی کہ وہ فوری نوعیت کے ایک اہم عوامی معاملے پر تحریک التوا پیش کرنا چاہتے ہیں، اس لیے ایوان کی دیگر کارروائی معطل کرکے انہیں تحریک پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی افریقا کو شکست دیکر ورلڈکپ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی
اسپیکر نے وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیاءالحسن لنجار سے مشاورت کے بعد نثار احمد کھوڑو کو تحریک پیش کرنے کی اجازت دے دی۔
ضیاءالحسن لنجار کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی اہم معاملہ ہے، اس لیے انہیں تحریک پیش کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔
اسپیکر اویس قادر شاہ نے تحریک التوا کو بحث کے لیے منظور کرتے ہوئے رولنگ دی کہ اس معاملے پر پیر کے روز 2 گھنٹے بحث کی جائے گی، تاہم ارکان چاہیں تو اس موضوع پر مزید کئی روز بھی گفتگو کی جاسکتی ہے۔
ایوان نے اکثریت رائے سے تحریک التوا کو بحث کے لیے منظور کرلیا، جس کے بعد سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر پیر کو باقاعدہ بحث شروع ہوگی۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔