شوہر کی تحقیق رنگ لے آئی، خاتون نے لاٹری سے پانچ لاکھ ڈالر جیت لیے
شوہر کی تحقیق نے قسمت بدل دی، امریکی خاتون نے 5 لاکھ ڈالر کی لاٹری جیت لی
امریکا کی ریاست میری لینڈ میں ایک خاتون نے پانچ لاکھ ڈالر مالیت کا لاٹری اسکریچ آف انعام جیت لیا، جس کا کریڈٹ انہوں نے اپنے شوہر کی تحقیق اور مشورے کو دیا۔
خاتون نے میری لینڈ لاٹری حکام کو بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر شوقیہ طور پر لاٹری ٹکٹ خریدتے ہیں اور دونوں اس کھیل سے محض تفریح اور ایک ساتھ وقت گزارنے کے لیے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی وہ ایک مرتبہ پانچ سو ڈالر جیت چکے تھے، جس پر دونوں نے بے حد خوشی کا اظہار کیا تھا۔
خاتون کے مطابق جون کے آخر میں خریداری کے لیے روانہ ہونے سے پہلے ان کے شوہر نے خاص طور پر ’’گفٹس آف گرین‘‘ نامی اسکریچ آف ٹکٹ خریدنے کا مشورہ دیا۔
شوہر نے بتایا کہ وہ میری لینڈ لاٹری کی ویب سائٹ پر مختلف اسکریچ آف گیمز کے باقی ماندہ بڑے انعامات کا جائزہ لے رہے تھے، جہاں انہیں معلوم ہوا کہ ’’گفٹس آف گرین‘‘ میں اب بھی کئی بڑے انعامات باقی ہیں، اسی بنیاد پر انہوں نے یہی ٹکٹ خریدنے کی تجویز دی۔
خاتون نے شوہر کے مشورے پر عمل کیا اور اسی اسکریچ آف ٹکٹ پر پانچ لاکھ ڈالر کا بڑا انعام جیتنے میں کامیاب ہو گئیں۔