قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جعلی افسر بن کر کام کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق گھوٹکی سے تعلق رکھنے والا عبدالواجد خود کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا ملازم اور گریڈ 17 کا افسر ظاہر کرتا تھا۔
بلوچستان کے سرکاری و نجی اسکولوں میں طلبا کو جسمانی سزا دینے پر پابندی عائد
ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے جعلی افسر عبدالواجد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا جعلی تقرر نامہ بھی برآمد ہوا، جس پر اسپیکر کے جعلی دستخط موجود تھے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق عبدالواجد جعلسازی کے ذریعے غیر قانونی مراعات اور پروٹوکول بھی حاصل کرتا رہا۔ یہ معاملہ عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد اسپیکر کی ہدایت پر فوری کارروائی کی گئی۔
قومی اسمبلی کے ترجمان نے واضح کیا کہ عبدالواجد نامی شخص کا قومی اسمبلی سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اس کی تقرری کا کوئی سرکاری ریکارڈ موجود ہے۔
ترجمان کے مطابق اسپیکر، قومی اسمبلی یا کسی بھی سرکاری عہدے کے نام پر جعلی دستاویزات تیار کرنا ایک سنگین جرم ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے جعلسازوں سے محتاط رہیں اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے متعلق کسی بھی دستاویز کی باقاعدہ تصدیق ضرور کریں۔